کوٹری (نمائندہ جسارت) موسم بہار میں شجر کاری دن منانے کے حوالے سے سماجی تنظیم تھردیپ کی جانب سے فیلڈ یونٹ کوٹری نے گوٹھ قادن شورو یوسی اے بی شورو میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون جامشورو علی ذوالفقار میمن کی قیاد ت میں شجر کاری کے حوالے سے آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں تھردیپ ڈسٹرکٹ جامشورو منیجر نسرین خان، سب ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ذیشان علی بمبڑو، رینج فاریسٹ آفیسر مصطفی سعید سومرو اور تھردیپ کی جانب سے فوزیہ سولنگی، یونٹ انچارج فیلڈ یونٹ کوٹری کشور کمار، ایچ آر ڈی فیلڈ یونٹ کوٹری اور وی او قادن شورو کے صدر نظیران و دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسم بہار میں شجرکاری کرکے پودے اور درخت ضرور لگانے چاہییں تاکہ ہرطرف سرسبز ہونے سے علاقے کا ماحول خوشگوار اور آلودگی سے پاک بنایا جائے، ہم سب کو چاہیے کہ ہر فرد اپنے گھروں، علاقوں میں کم از کم ایک پودا ضرور لگائیں۔ بعد ازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون اور دیگر مہمانوں نے پودے بھی لگائے۔