عوام کا اعتماد جیتنے کیلیے وزیراعظم کورونا ویکسین لگوائیں،رانا تنویر

177

اسلام آباد( آن لائن +مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی رانا تنویر نے کہا ہے کہ عوام کا اعتماد جیتنے کے لیے وزیراعظم عمران خان براہ راست ٹیلی وژن پر کورونا ویکسین لگوائیں۔ تفصیل کے مطابق رانا تنویر کے زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزارت صحت و ریگولیشن کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔ رانا تنویر کا کہنا تھا کہ ویکسین پر اعتماد کے لیے وزیراعظم پہلے خود یہ ویکسین میڈیا کے سامنے لگوائیں اور پھر مزید اعتماد بحالی کے لیے پارلیمنٹرین کو بھی پہلے ویکسین لگائی جائے۔اجلاس میں سیکرٹری ہیلتھ اشرف خواجہ نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو بتایا کہ پاکستان میں 10 کروڑ آبادی کورونا ویکسین کی اہل ہے، 18 سال سے کم عمر لوگوں کو کورونا ویکسین نہیں لگائی جا سکتی۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال پاکستان کی آبادی میں انٹی باڈیز کا سروے کروایا گیا، پاکستان کی 15 فیصد آبادی میں اینٹی باڈیز بن چکی ہیں۔ رواں سال 7 کروڑ آبادی کو کورونا ویکسین لگانے کا ہدف ہے۔سیکرٹری اشرف خواجہ نے بتایا کہ ابھی تک پونے 3 لاکھ ہیلتھ کئیر ورکرز کی ویکسی نیشن کر چکے ہیں۔ گاوی نے پاکستان کی 20 فیصد آبادی کے لیے ویکسین دینے کا وعدہ کیا ہے۔ گاوی کی طرف سے 16 ملین ڈوز جون تک پاکستان کو مل جائیں گی۔