پی ٹی آئی نے صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ نامزد کردیا‘( انتخاب 12مارچ کو ہوگا)

261

اسلام آباد (صباح نیوز) تحریک انصاف نے موجودہ چیئرمین سینیٹ میر محمد صادق سنجرانی کو ہی 12مارچ کو سینیٹ چیئرمین کے ہونے والے انتخاب کے لییاپنا امیدوار نامزد کردیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے اعلیٰ قیادت کے ساتھ مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ صادق سنجرانی کی پچھلے3 سال کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے حکومت اور ہمارے اتحادیوں کی جانب سے وہ چیئرمین سینیٹ کے امیدوار ہوں گے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ قوم کو کل پتا چل گیا کون کس طرف کھڑا تھا، اپوزیشن ایسی قوتوں کی نمائندگی کر رہی ہے جن کا ہمیشہ ووٹ خریدنے پر انحصار رہا ہے۔ علاوہ ازیں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے اہم ملاقات کی ہے ، دونوں رہنمائوں کے درمیان سینیٹ الیکشن اور پارلیمانی امور زیربحث آئے۔بعد ازاں پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے لیے صادق سنجرانی بہترین امید وار ہیں،حفیظ شیخ کے خلاف ووٹ دینے والے وزیر اعظم کے ساتھ کھڑے ہوں گے ۔