اسرائیل نے خلیجی ممالک سے خصوصی سیکورٹی مانگ لی

263

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل کا خلیجی عرب اتحادیوں کے ساتھ تاحال کوئی دفاعی سمجھوتا نہیں ہوا، تاہم صہیونی حکومت نے خصوصی سیکورٹی انتظامات کا تقاضا کیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیلی وزیردفاع بینی گینٹس نے غزہ کی سرحد پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسرائیلی سرکاری ریڈیو کان کی رپورٹ کو مسترد کیا، جس میں کہا گیا تھا کہ خلیجی عرب ممالک کے ساتھ دفاعی سمجھوتے پر غور کیا جارہا ہے، تاہم انہوں نے بتایا کہ اس کے بجائے خلیجی عرب اتحادیوں کے ساتھ خصوصی سیکورٹی تعلقات استوار کیے جائیں گے، جسے دفاعی معاہدہ نہیں کہا جا سکتا۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق صہیونی وزیر دفاع نے خصوصی سیکورٹی انتظامات کی مزید تفصیل بتانے سے گریز کیا ہے۔ بینی گینٹس کے مطابق اسرائیل نے امارات کو امریکی طیارے فروخت کرنے کی مخالفت نہیں کی، تاہم بائیڈن انتظامیہ کو خطے میں اسرائیل کی فوجی برتری برقرار رکھنی چاہیے۔ ایک دوسرے بیان میں صہیونی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ایران نے خلیج میں اسرائیلی جہاز کو نشانہ بنا کرمغرب کے ساتھ بات چیت کی پوزیشن بہتر بنانے کی کوشش کی ہے۔ واضح رہے کہ ایران نے گزشتہ ہفتے خلیج عمان میں ایم وی ہیلیوس رے جہاز کو نشانہ بنانے یا اس میں ملوث ہونے کی سختی سے تردید کی ہے جب کہ صہیونی وزیرا عظم نیتن یاہو نے اس کارروائی کا الزام ایران پر عائد کیا ہے۔