خواجہ آصف کے جوڈیشل ریمانڈ میں دس روز کی توسیع کر دی گئی

232

لاہور (آن لائن) لاہور کی احتساب عدالت نے غیر قانونی طور پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں گرفتار سابق وفاقی وزیر دفاع اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ آصف کے جوڈیشل ریمانڈ میں دس روز کی توسیع کردی اور کیس 12 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر دربارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ ایڈمن جج جواد الحسن کی عدم دستیابی کے باعث احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج اکمل خان نے کیس کی سماعت کی۔ منگل کو عدالتی سماعت پر خواجہ آصف کو سخت سکیورٹی میں جیل سے لاکر عدالت میں پیش کیا گیا اور ان کی عدالت میں حاضری مکمل کرائی گئی۔عدالتی استفسار پر نیب پراسیکوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ خواجہ آصف کیخلاف ریفرنس تیاری کے آخری مراحل میں ہے اور جلد عدالت میں داخل کر دیا جائے گا۔نیب کے مطابق خواجہ آصف 1991 میں سینیٹر بنے اور اس وقت ان کے مجموعی اثاثے 51 لاکھ روپے تھے ، ان کی مالیت 2018 تک22 کروڑ 10 لاکھ تک پہنچ گئے۔ نیب کا دعوی ہے کہ خواجہ آصف کے اثاثے ان کی آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے۔