نادرا کا رجسٹرڈ افغان مہاجرین کیلیے اسمارٹ کارڈ کے اجرا کا اعلان

328

اسلا م آباد (آن لائن) حکومت پاکستان نے تصدیق شدہ رجسٹریشن کارڈ ہولڈرز افغان پناہ گزینوں کیلیے نئے اسمارٹ کارڈز کے اجراء کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان میں تصدیق شدہ رجسٹریشن کارڈ ہولڈرز افغان پناہ گزینوں کی تعداد 14 لاکھ ہے، نادرا ترجمان کا کہنا ہے کہ افغان پناہ گزینوں کیلیے چیف کمشنریٹ، وزارت ریاستی و سرحدی علاقہ جات(سیفرون) اور نادرا یو این ایچ سی آر کی معاونت سے یکم اپریل 2021ء سے دستاویزات کی تجدید نو اور معلومات کی تصدیقی مہم کا آغاز کریں گے، 6 ماہ کی اس مہم کے دوران رجسٹرڈ شدہ افغان پناہ گزینوں کے ڈیٹا کی تصدیق اور تجدید کی جائے گی، جن کے پاس تصدیق شدہ رجسٹریشن کارڈز موجود ہیں اور 31 دسمبر 2015ء کو اس کی میعاد ختم ہوچکی ہے۔موجودہ ڈیٹا کی تصدیق کے ساتھ ساتھ اس عمل کے دوران افغان پناہ گزینوں کی مہارت، تعلیمی معیار، سماجی و اقتصادی حالات، ذرائع آمدن کا ریکارڈ بھی درج کیا جائے گا تاکہ پاکستان میں انہیں بہتر صحت تعلیم اور روزگار میں مدد فراہم کی جاسکے اور ترجیحی بنیادوں پر افغانستان میں واپسی اور دوبارہ بحالی میں مدد کی جائے۔