پی ایس ایل کا میلہ پھیکا پڑگیا،فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ملتوی میچ آج کھیلا جائے گا

227

کراچی (سید وزیرعلی قادری) پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے 10ویں روز اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ جو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جانا تھا ملتوی کردیا گیا ۔ گزشتہ شب لیگ کا 12واں میچ 7بجے شیڈول تھا اور شائقین کی اچھی خاصی تعداد میچ دیکھنے اسٹیڈیم پہنچ چکی تھی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس وقت تک صیح صورتحال سے نہ ہی میڈیا ور نہ ہی شائقین کو اس حوالے سے آگاہ کیا۔ پی ایس ایل کا میلہ 9روز بہترین کھیل کے ساتھ جاری تھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر انتظامیہ نے پہلے 2گھنٹے بعد شروع کرنے کا اعلان کیا اور اس کے بعد حتمی طور پر میچ کو موئخر کرکے دوسرے روز منعقد کرنے کا اعلان کیا۔ دوسری طرف اسلام آباد یونائیٹڈ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ان کی ٹیم کے کھلاڑی فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور انہیں گذشتہ 2 دن سے آئسولیٹ کردیا گیا تھا،ٹیم کے باقی تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کا ٹیسٹ منفی آیا ہے، اسی لئے ٹیم کو میچ کھیلنے کی اجازت ہے۔ واضح رہے کہ آج منگل پی ایس ایل کے حوالے سے کوئی میچ شیڈول نہیں تھا یعنی آرام یا وقفہ تھا۔ تاہم اب ملتوی شدہ میچ آج 7بجے شب کھیلا جائے گا۔دریں اثنا اعلامیہ کے مطابق پی سی بی تصدیق کرتا ہے کہ پیر کو شیڈول اس میچ کے خریدے ہویے ٹکٹس ہی آج منگل کو اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے استعمال کیے جاسکیں گے۔ کرکٹ فینز چاہیں تو اس ٹکٹ کو ری فنڈ بھی کرواسکتے ہیں۔پی ایس ایل کی فرنچائز ٹیم کے مزکورہ کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی اطلاعات کے بعد مبصرین اور شائقین نے پی سی بی اور پی ایس ایل فرنچائزز کے عہدیداران سے سوالات کی بوچھاڑ کرڈالی۔ ان کا کہنا ہے کہ صحافیوں سمیت دیگر شعبوں کے ذمہ داروں اور اہلکاروں کے کووڈ 19 ٹیسٹ کرانے کے باوجود اور ٹیموں اور ان کی انتظامیہ کو ببل میں رکھنے کے باوجود اس طرح کا واقعہ ہوجانا کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے۔ سوال یہ ہے کہ پی سی بی کی ہدایت کے باجود کھلاڑیوں کو ببل سے نکلنے کی اجازت کس نے دی اور ان پر نگرانی کیوں نہیں کی گئی دیگر یہ کہ جس طرح نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے گرائونڈ میں اور وی وی آئی پی سمیت پریس گیلری میں موجود افراد ایک دوسرے سے بغلگیر ہورہے ہیں اور پوز دے رہے ہیں اس میں اس بات کا خدشہ موجود تھا کہ صورتحال قابو سے باہر ہوسکتی ہے۔