برطانیہ سمیت 8 ممالک کے شہریوں پر پاکستان آنے پر پابندی

264

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان نے برطانیہ سمیت 8 ممالک کے شہریوں پر ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق عالمی سطح پر تاحال کورونا وائرس کا پھیلاﺅ جاری رہنے کی وجہ سے پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بین الاقوامی مسافروں کی پاکستان آمد سے متعلق کورونا ایس او پیز کے اطلاق میں مزید توسیع کر دی ہے۔بتایا گیا ہے کہ بین الاقوامی مسافروں کی پاکستان آمد سے متعلق کورونا ایس او پیز میں 14 مارچ تک توسیع کردی گئی ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایس اوپیز سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔ نئے نوٹی فکیشن کے مطابق کیٹیگری سی کی فہرست میں مزید توسیع کردی گئی ہے جس کے بعد اس کٹیگری میں شامل ممالک کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔ اس کیٹیگری میں شامل ممالک کے شہریوں کی پاکستان آمد پر عارضی سفری پابندی برقرار رہیں گی۔ کیٹیگری سی میں برطانیہ، جنوبی افریقہ، آئر لینڈ، برازیل، پرتگال، نیدرلینڈ، بوٹسوانا اور زیمبیا شامل ہیں۔