پنگریو، نالوں کے پشتوں سے تجاوزات کیخلاف آپریشن شروع

94

پنگریو (نمائندہ جسارت) عدالت عالیہ سندھ کے احکامات پر پنگریو کے نواحی شہر شادی لارج سمیت ضلع بدین میں نہروں اور سیم نالوں کے پشتوں سے غیرقانونی تجاوزات ہٹانے کے لیے آپریشن شروع کردیا گیا ہے، آپریشن اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر بدین سید اعجاز علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں چیئرمین لیفٹ بینک کینال ایریا واٹر بورڈ قبول محمدکھٹیان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر بدین اور چیئرمین لیفٹ بینک کینال ایریا واٹر بورڈ نے پانچوں اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نہروں اور سیم نالوں کے پشتوں سے غیر قانونی تجاوزات کو ہٹانے کے لیے آپریشن بغیر کیسی تفریق کے کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کرنے سے قبل مارکنگ نشان لگا کر نوٹس دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نہروں کے پشتوں سے تجاوزات کو ہٹانے کے لیے شہروں میں مشکلات پیش آئیں گی جبکہ دیہات میں اکثر نہروں کے کنارے خالی ہوتے ہیں۔ انہوں نے محکمہ آبپاشی کے عملداروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ دو دن کے اندر نہروں کے نقشے ڈی سی آفس میں جمع کرائیں اور آپریشن کی رپورٹ ہر ہفتے بعد جمع کرائیں۔ اجلاس میں ایس ایس پی بدین شبیر احمد سیٹھار، اے سی بدین یونس رند، اے سی شہید فاضل راہو، کاشف رضا منگی، اے سی ماتلی زارا زاہد اور محکمہ آبپاشی کے افسران اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے بھی شرکت کی۔