ہمیں اپنے معاملات ٹھیک کرنے ہونگے‘ چیئرمین کشمیر کمیٹی

130

ملتان(صبا ح نیوز)چیئرمین کشمیر کمیٹی شہر یار آفریدی نے کہاہے کہ جب تک ہم اپنے گھر کے معاملات ٹھیک نہیں کرتے تب تک فیصلے باہر کے لوگ کرتے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ سرحد پر کھڑا جوان اپنی فیملی مال دولت اور جان کی پروا کیے بغیر ہماری حفاظت کے لیے سینے پر گولیاں کھاتا ہے جس سے ہم محفوظ ہیں ۔نسل نو کو وقت اور حالات کی اہمیت سے آگاہ ہونا ضروری ہے۔چیئرمین کشمیر کمیٹی کا کہنا تھا کہ بھارت کو کشمیر پر غاصبانہ قبضہ ختم کرنا ہوگا، کشمیری عوام اپنے شہدا کو پاکستانی پرچم میں دفن کرتے ہیں،بھارت نے ظلم و ستم کی انتہا کردی ہے ۔ بھارتی اقدام کوروکنے کے لیے ہم سب کو آگے بڑھنا ہو گا،ہم مختلف جامعات میں طلبہ کو وقت اور حالات کی نزاکت سے آگاہ کر رہے ہیں،پاکستان کواور خود کو مضبوط بنانا ہو گا تاکہ ہم اپنے فیصلے بھی خود کریں اور خود مختاری پر کوئی سمجھوتا نہ ہو۔