صدر عارف علوی سے عراقی وزیر دفاع کی ملاقات

144

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر عارف علوی سے عراقی وزیر دفاع جمعہ اناد سعدون کی قیادت میں دفاعی وفد نے ملاقات کی،ملاقات میں مشترکہ مفادات کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ،اس موقع پر صدر عارف علوی نے کہاکہ پاکستان عراق کے ساتھ باہمی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے،پاکستان تجارت ، معیشت اور دفاع کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان عراق کی خودمختاری ، سیاسی اتحاد اور علاقائی سا لمیت کی بھر پور حمایت کرتا ہے، صدر مملکت نے پاکستان کے دفاعی تربیتی اداروں میں عراقی فوجی اہلکاروں کے لیے تربیتی کورسز کی پیشکش کی ۔عراقی وزیر دفاع نے کہاکہ عراق پاکستان کے ساتھ معاشی اور سیاسی تعلقات کو بہتر بنانا چاہتا ہے،انہوں نے پاکستان کی دفاعی صنعت کی صلاحیت کو سراہا۔