وکلا رہا کرنے کی استدعا مسترد‘ چیمبرز گرانے سے روک دیاگیا

83

اسلام آباد(صباح نیوز)عدالت عظمیٰ نے انتظامیہ کو اسلام آباد کچہری میں وکلا چیمبرز گرانے سے روک دیا۔ گرفتار وکلا سے متعلق ریلیف فراہم کرنے کی زبانی استدعا مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ عدالت عظمیٰ میں یہ معاملہ نہیں ہے، معاملہ ہائی کورٹ میں ہے، عدالت ان معاملات کو دیکھ لے گی۔ عدالت نے اٹارنی جنرل پاکستان، اسلام آباد انتظامیہ اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد سمیت تمام فریقوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ کرکٹ گراؤنڈ پر قبضے کو قانونی قرار نہیں دیا جا سکتا، عدالت کسی دباؤ میں نہیں آئے گی۔ چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے اسلام آباد کچہری میں وکلا کے چیمبرز گرائے جانے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت وکلا کی بڑی تعداد کمرئہ عدالت میں موجود تھی۔عدالتی احاطے میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی۔ عدالت نے اسلام آباد بار کونسل کی اپیل سماعت کے لیے منظور کرلی۔دوران سماعت انتظامیہ کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت تک مزید کارروائی نہ کی جائے، روسٹرم پر وکلا کا مجمع لگنے پر چیف جسٹس نے اظہار برہمی کیا اور تمام وکلا کو روسٹرم سے ہٹا دیا۔