کشمیر کے حوالے سے اصولی موقف میں تبدیلی نہیں آئی، دفترخارجہ

95

اسلام آباد(صباح نیوز)دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے پاکستان اور بھارت کے درمیان 2003ء میں طے شدہ جنگ بندی معاہدے پر حقیقی معنوں میںعملدرآمد کرنے پر زور دیا ہے تاکہ کنٹرول لائن کے دونوں جانب جانیں بچائی جا سکیں۔انہوں نے جمعہ کی سہ پہر اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کو کنٹرول لائن کے دونوں جانب کشمیریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع اور ان کی املاک کو ہونے والے نقصان پر گہری تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بے گناہ کشمیریوں کی زندگی کے تحفظ کے پیش نظر بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا ہمیشہ مناسب اور محتاط جواب دیا ہے۔ترجمان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جموںو کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے دیرینہ اصولی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوںکی خواہشات کے مطابق پرامن طور پر حل ہوناچاہیے۔