دھاندلی کی تحقیقات ری پولنگ سے زیادہ ضروری ہے‘ نواز شریف

201

لندن(آن لائن)سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ڈسکہ ضمنی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ قانون کی پاسداری ہے، قوم کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنے والے آئین شکن عناصر کا قلع قمع کیے بغیر ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے،یہ تحقیق 18مارچ کو ڈسکہ میں دوبارہ انتخابات سے بھی زیادہ ضروری ہے ۔ سوشل میڈیا پر جاری وڈیو بیان میں نوازشریف نے کہا کہ این اے75ڈسکہ کے ضمنی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن آف پاکستان کا ووٹ چوری کے کرداروں کی نشاندہی،سزاؤں کا تعین اور انصاف پر مبنی فیصلہ عین قانون کی پاسداری ہے،الیکشن کمیشن نے جرات و بہادری کے ساتھ بکسہ چوروں کو سزائیں سنائیں،ہمارا مطالبہ ہے کہ قوم جلد از جلد ان سزاؤں پر عملدرآمد ہوتا ہوا دیکھے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کا سراغ لگایا جانا چاہیے کہ یہ سازش کس نے کی اور کہاں تیار کی گئی اور کب تیار کی گئی۔