افغانستان میں امن پورے خطے کیلیے ناگزیر ہے‘ شاہ محمود

211

اسلام آباد (اے پی پی‘ صباح نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان جامع سیاسی مذاکرات کے ذریعے افغانستان کے مسئلے کا سیاسی حل چاہتے ہے، افغانستان میں قیام امن پاکستان سمیت پورے خطے کے امن و امان کے لیے ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نمائندہ خصوصی برائے افغان صدر محمد عمر داودزئی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بین الافغان مذاکرات، خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان مشترکہ ذمے داری نبھاتے ہوئے افغان امن عمل میں مصالحانہ کردار ادا کرتا رہا ہے۔ بین الافغان مذاکرات کا نتیجہ خیز ہونا انتہائی اہم ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ فریقین تشدد میں کمی لائیں، مذاکرات کو آگے بڑھانے میں کردار ادا کریں۔ علاوہ ازیںوزیر خارجہ نے پاک بھارت سیز فائر اتفاق کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے سیز فائر پر آمادگی خوش آئند اور مستقبل کے لیے ایک اچھا آغاز ثابت ہوگا۔