پی ایس ایل: 50 فیصدتک شائقین کو میچ دیکھنے کی اجازت

272

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن میں شائقین کی تعداد 20 فیصد سے 50 فیصد تک رکھنے کی اجازت دے دی گئی۔ اسلام آباد میں این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں کورونا کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے۔ این سی او سی کے اعلامیے کے مطابق دفاترکے50 فیصد لوگوں کے گھر سے کام کرنے کی پابندی ختم کردی گئی ہے جبکہ 15 مارچ سے ایس او پیز کے ساتھ شادی کی ان ڈور تقریبات، مزارات اور سنیما ہالز کھولنے کی اجازت دے دی ہے‘ تجارتی سرگرمیوں اور تفریحی پارکوں کے لیے وقت کی حد بھی ختم کردی گئی ہے جبکہ 15مارچ سے ریسٹورنٹ ہالز میں کھانے کی اجازت 10 مارچ کے جائزہ اجلاس سے مشروط ہوگی۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ماسک، سماجی فاصلے کی پابندی اور اسمارٹ لاک ڈاؤن پر عمل درآمد جاری رہے گا۔