فلسطینی ماہی گیروں پر اسرائیلی فائرنگ‘ مزید املاک مسمار

248
مقبوضہ بیت المقدس: شرپسند یہودی آباد کار صہیونی سیکورٹی میں مسجد اقصیٰ کے صحن میں دندناتے پھر رہے ہیں

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) قابض صہیونی فوج نے غزہ کی پٹی کی سمندری حدود میں فلسطینی ماہی گیروں کی ایک کشتی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں کشتی کو نقصان پہنچا، تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ماہی گیر یونین کے رابطہ کار زکریا بکر نے بتایا کہ اسرائیلی فوجی کشتی کی طرف سے وسطی غزہ میں سمندری حدود میں ایک فلسطینی ماہی گیر کشتی پر 2 گولے داغے اور فائرنگ کی گئی۔ دوسری جانب صہیونی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ کی پٹی کے ساحل کے قریب ایک فلسطینی کشتی کو نشانہ بنایا گیا، جو سیکورٹی کے لیے خطرہ بننے والی تھی۔ علاوہ ازیں جنوب مشرقی بیت المقدس میں اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کی 2 تجارتی املاک مسمار کردیں۔ دکانوں کے مالک محمد طرشان نے بتایا کہ اسرائیلی بلدیہ نے فوج کے ساتھ مل کر ان کی دکانیں مسمار کر ڈالیں۔ یہ دکانیں 50 سال سے قائم تھیں۔ دریں اثنا قابض اسرائیلی حکام نے بیت المقدس سے تعلق رکھنے والے ایک فلسطینی نوجوان کو 2 ہفتے کے لیے مسجد اقصیٰ سے بے دخل کردیا ہے۔