دودھ کی قیمت میں10روپے لیٹر اضافہ ۔ 130روپے ہوگیا

393

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈیری فارمز نے شہری حکومت کی خاموشی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دودھ کی قیمت میں10روپے فی لیٹر اضافہ کردیا ہے جس کے بعد شہر میںدودھ کی قیمت130 روپے لیٹر تک جاپہنچی ہے ۔تفصیلات کے مطابق ڈیری فارمرز نے دودھ کی قیمت میںیکم فروری سے 20روپے اضافے کا اعلان کررکھا تھا ،تاہم شہری حکومت کے دباؤ کے باعث ڈیری فارمرز نے دودھ کی قیمت میںاضافہ نہیں کیا ،تاہم اس کے بعد شہری حکومت کی مسلسل خاموشی اور اس حوالے سے فعال نہ ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈیری فارمرز نے شہر کے مختلف علاقوں میںدودھ کی قیمت میں10 روپے لیٹر اضافہ کردیا،دودھ کی فی لیٹر سرکاری قیمت 94روپے ہے،تاہم شہر میں گزشتہ کئی ماہ سے دودھ 120روپے لیٹر میںفروخت کیا جارہا تھا اور 10 روپے اضافے کے بعد اب دودھ کی قیمت 130 روپے لیٹر کی سطح پر جاپہنچی ہے ،بتایا جاتا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں گلشن اقبال،گلستان جوہر،لانڈھی، قائد آباد،کورنگی،کیماڑی اور شاہ فیصل کالونی سمیت دیگرعلاقوں میں دودھ 130روپے لیٹر فروخت کیا جارہا ہے جو کہ سرکاری قیمت سے36روپے زاید ہے،اس حوالے سے ڈیری فارمرز کا کہنا ہے کہ پیداواری لاگت میں اضافے پر دودھ کی قیمت میںاضافہ ناگزیر تھا اور شہری حکومت نے ہم سے مہنگائی کے تناسب سے دودھ کی قیمتوں میںرد و بدل کا وعدہ کررکھا تھا جو کہ وفا نہیںکیا گیا،مہنگائی کے باعث ڈیری فارمرز کے اخراجات میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اسی کو مد نظر رکھتے ہوئے دودھ کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے ۔