سینیٹ الیکشن کے نتائج پر قومی اسمبلی تحلیل نہیں ہوگی، صدر علوی

234

اسلام آباد (صباح نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کوئی بھی صورت ہو اسمبلیاں تحلیل کرنے کا نہیں کہیں گے، میں وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ لینے کا بھی نہیں کہوں گا، سینیٹ اوپن بیلٹ ریفرنس پر عدالت عظمیٰ سے بہتر فیصلے کی امید ہے، آصف زرداری اور اخلاقیات دو الگ چیزیں ہیں ،صدر وزیراعظم کرپشن پر سمجھوتا نہیں کریں گے۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے صدرمملکت نے کہاکہ سینیٹ الیکشن کے نتائج پر قومی اسمبلی تحلیل نہیں ہوگی۔ وزیراعظم سینیٹ الیکشن کے نتائج پر اسمبلیاں توڑنے کا بھی نہیں کہیں گے ۔ سینیٹ میں نتیجہ کچھ بھی ہو وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ لینے کا نہیں کہوں گا۔ انہوں نے کہاکہ بعض اچھے کام بھی سیاست کی نظر ہوجاتے ہیں ۔ ماضی میں اپوزیشن جماعتیں سینیٹ انتخاب اوپن ہینڈ سے کرانے کی بات کرتی رہی ہیں مگر اب مخالف ہوگئی ہیں۔ امید ہے عدالت اوپن بیلٹ سے متعلق درست فیصلہ دے گی۔ صدرمملکت نے کہاکہ دو ڈھائی سال میں میرا اور عمران خان کا کسی چیز پر اختلاف رائے نہیں ہوا۔ سینیٹ الیکشن کے لئے جوڑ توڑ کا بازار گرم ہے اس کے نتیجے میں ایک پارلیمنٹ کو تحلیل کرنا غلط ہے۔ ایک سوال پر صدر نے کہاکہ جہانگیر ترین کی پارٹی کے ساتھ وفاداری اپنی جگہ قائم ہے ۔ جہانگیر ترین شوگر کمیشن کیس میں الزامات کا سامنا کررہے ہیں ۔ عمران خان آج بھی جہانگیر ترین کی خدمات کوتسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کو مشورہ دیا تھا کہ ڈسکہ کے 20پولنگ اسٹیشنوں پر ری پول کرائیں۔ جنرل الیکشن الیکٹرونک ووٹنگ کے ذریعے ہونے چاہیے۔ نیب قانون تبدیل نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو آٹے ، چینی اور آئل پر سبسڈی دینی چاہیے۔ گورننس میں بہتری کی بہت گنجائش ہے۔