سنگدل ماں نےدو کمسن بچوں کو آگ لگادی

533

لاہور میں آپس کی رنجش دو معصوم جانیں لے گئی جبکہ گھریلو حالات سے تنگ آکر ایک سنگدل خاتون نے اپنے دو کمسن بچوں کو قتل کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے مانگا منڈی میں کوٹ اسد اللہ گاؤں میں غربت کے باعث ایک خاتون نے اپنے دو کمسن بچوں کو قتل کرکے گھر کو آگ لگا دی۔

پولیس کے مطابق میاں بیوی کی آپسی لڑائی نے دو بچوں کی جان لے لی جبکہ  گذشتہ روز پیش آنے والے افسوسناک واقعے کا ڈراپ سین ہوگیا ہے اور سنگدل ماں تنزیلہ بی بی 3 سالہ عبدالرحمان اور 4 سالہ فیضان کی قاتل نکلی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے بعد ملزم تنزیلہ بی بی نے گھناؤنے فعل کے اعتراف کرلیا ہے جبکہ خاتون نے پولیس کو دیے گیے بیان میں بتایا کہ گھریلو ناچاقی کے باعث اپنے بچوں کو آگ میں جھونکا ، جس کے باعث وہ زندگی کی بازی ہار گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق ریسکیو 1122 ایمرجنسی سروس کو آگ لگنے کی اطلاع ملنے کے بعد کوٹ اسد اللہ میں ایک تین مرلہ کے گھر کے کمرے سے 3 سالہ عبدالرحمٰن اور 4 سالہ فیضان کی جھلسی ہوئی لاشیں ملیں جبکہ تیسرا بچہ معمولی زخمی ہوا ہے اور اسکی حالت اب خطرے سے باہر ہے جس کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر جائزہ لیا اور معاملہ مشکوک قرار دیتے ہوئے پولیس کی مدد طلب کی جس پر پولیس اور فرانزک ٹیموں نے پہنچ کر شواہد کا جائزہ لیا اور شواہد اکٹھے کیے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر والدہ تنزیلہ نے متضاد بیانات دیے لیکن مزیدتفتیش کرنے پر ملزمہ نے جرم کا اعتراف کرلیا اور بتایا کہ ان کا شوہر ایک مزدور ہے جو گھر چلانے کے یومیہ اخراجات تک برداشت کرنے سے قاصر ہے۔

پولیس کے مطابق  آگ لگنے کی تحقیقات شروع کیں تو بچوں کی والدہ تنزیلہ نے خود آگ لگانے کا اعتراف کرلیا، پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کر لیا تو اس نے بتایا کہ غربت سے تنگ آکر  اور خاوند سے جھگڑے کے بعد غصے  میں اس نے پہلے بچوں کا گلا دبایا اور پھر وہاں پیٹرول چھڑک کر کمرے کو آگ لگا دی۔

اہل علاقہ کے مطابق جیسے ہی آگ نے پورے کمرے کو اپنی لپیٹ میں لیا تو خاتون نے پڑوسیوں کو جمع کرکے گھر میں اچانک آگ لگنے کی جھوٹی کہانی سنانا شروع کردی تھی۔

پولیس  کا کہنا ہے کہ لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور دونوں بچوں کاتاحال پوسٹ مارٹم نہیں ہوسکا ہے جبکہ پولیس نے بچوں کی والدہ اور باپ کو تحویل میں لے کر کارروائی شروع کردی ہے۔