الیکشن کمیشن‘ ووٹوں کی خرید و فروخت پر شواہد جمع کرانیکی مہلت دیدی

57

اسلام آباد(اے پی پی)الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات میں ووٹوں کی مبینہ خرید وفروخت سے متعلق وڈیو کیس کی سماعت9 مارچ تک ملتوی کردی۔الیکشن کمیشن میں وڈیو اسکینڈل کی سماعت ہوئی۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی صدارت میں5 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ اس موقع پر الیکشن کمیشن نے ن لیگ کے وکیل کو سینیٹ انتخابات میںووٹوں کی خرید و فروخت پر شواہد جمع کرانے کی مزید مہلت دی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن وڈیو اسکینڈل کی مزید تحقیقات کراسکتا ہے اور انتخابات کی شفافیت یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات بھی اٹھاتا ہے۔ اس معاملے کا ہم نے ازخود نوٹس نہیں لیا بلکہ یہ کیس آپ لائے ہیں اس لیے مزید شواہد پیش کریں۔رکن پنجاب نے کہا کہ اس سے قبل ہم نے امیر مقام اور عظمیٰ بخاری کو طلب کیا لیکن انہوں نے یہاں آنا تک گوارا نہیں کیا، کیا سارے اراکین بکاﺅ مال ہیں۔ہم تو جرات کا مظاہرہ کرتے ہیں آپ خود مصلحت کا شکار ہوجاتے ہیں۔اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ یہاں پر کوئی بھی اپنی شکست ماننے کو تیار نہیں،سیاسی جماعتیں اتنی بالغ نظر ہونی چاہئیں کہ وہ ہر فیصلہ قبول کریں۔وڈیو میں جو لوگ نظر آرہے ہیں انہوں نے میڈیا پرآکر بیان دیے ہیں،انہیں ہم بلا سکتے ہیں، وڈیو اسکینڈل کیس کی مزید سماعت اب سینیٹ الیکشن کے بعد ہوگی،جلد فیصلہ کریں گے کہ آیا اس کیس پرنوٹس جاری کرنا ہے یا نہیں۔