گورونانک یونیورسٹی کی تعمیر جلد مکمل ہوجائیگی، اعجاز شاہ

263

ننکانہ صاحب/ لاہور (اے پی پی) وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ بابا گورو نانک یونیورسٹی کی تعمیر کا کام جلدمکمل کرلیا جائے گا، بابا گورونانک یونیورسٹی کے نام سے عطیات نہیں لیے جا رہے بلکہ تمام فنڈز حکومت پاکستان خود برداشت کرے گی، اقلیتوں کے ساتھ حسن سلوک ہمارے مذہب کا لازمی حصہ ہے، قومی پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے، بھارت میں تمام اقلیتوں کے ساتھ ظلم کیا جارہا ہے جبکہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کا مکمل احترام کیا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز سکھوں کے مذہبی تہوار ساکا ننکانہ کے 100 سال مکمل ہونے پر گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں اندورن و بیرون ملک سے سیکڑوں سکھ یاتریوں نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بابا گورونانک یونیورسٹی سے تعلیمی انقلاب آئے گا، اس میں خالصہ پن اور پنجابی کے علیحدہ علیحدہ شعبے بنائے جائیں گے، یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تعیناتی ہوچکی ہے۔ پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار ستونت سنگھ نے کہا کہ بھارت نے سکھوں کو پاکستان آنے سے روک کر سوسال قبل ہونے والے ظلم کی یاد تازہ کر دی۔ پی ایس جی پی سی کے جنرل سیکرٹری سردار امیر سنگھ نے کہا کہ بھارت آج بھی اقلیتوں کے ساتھ ظلم اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کر رہا ہے۔