اسلام آباد ہائیکورٹ حملہ کیس کی تحقیقات کیلئے دو جے آئی ٹیز تشکیل

287

اسلام آباد:ہائی کورٹ حملہ کیس کی تحقیقات کے لئے ایس ایس پی انویسٹی گیشن عطاء الرحمان کی سربراہی میں دو جے آئی ٹیز تشکیل دیدی گئیں ۔ ایک جے آئی ٹی تھانہ رمنا جب کہ دوسری جے آئی ٹی تھانہ مارگلہ میں درج ایف آئی آر کی تفتیش کرے گی ۔

دونوں جے آئی ٹیز میں پولیس کی معاونت کے لئے انٹیلی جنس اداروں کے نمائندے شامل کیے گئے ہیں،جے آئی ٹیز اسلام آباد بار کونسل سے بھی معاونت حاصل کر سکیں گی،چیف کمشنر آفس کی طرف سے اسلام آباد ہائی کورٹ حملہ کیس کی تحقیقات کے لئے قائم کی گئی جے آئی ٹیز کے الگ ا لگ نوٹیفکیشن کے مطابق دونوں جے آئی ٹیز کی سربراہی ایس ایس پی انویسٹی گیشن عطاء الرحمان کرینگے جب کہ ایک جے آئی ٹی آٹھ جب کہ دوسری نو رکنی ہے ۔

جے آئی ٹیز میں ایس پی سی ٹی ڈی متعلقہ زونزکے ایس ڈی پی او اور متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز بھی شامل ہیں جب کہ انٹیلیجنس اداروں آئی بی ، ایم آئی اور آئی ایس آئی کا ایک ایک نمائندہ بھی جے آئی ٹیز میں شامل کیا گیا ہے ۔ یہ جے آئی ٹیز ضرورت پڑنے پر اسلام آباد بار کونسل سے بھی تحقیقات میں معاونت حاصل کر سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ اسلا م آباد ہائی کورٹ حملہ کیس کے دو مقدمات انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت درج کیے گئے ہیں،ایک مقدمہ تھانہ مارگلہ جب کہ دوسرا مقدمہ تھانہ رمنا میں درج ہے۔