مضبوط خاندان،محفوظ عورت، مستحکم معاشرہ” کے عنوان سے مہم کا آغاز

730

کراچی: جماعت اسلامی (حلقہ خواتین)کراچی کی ناظمہ اسماء سفیر کا کہنا ہے کہ مضبوط خاندان اور پاکیزہ معاشرے کی تعمیر کے لیے محفوظ اور مضبوط عورت نظام کی بنیادی ضرورت ہے۔

اسماء سفیر نے کہا کہ  خاندان ایک ادارہ ہے جہاں مرد اور عورت مل کر اپنی فطری اور حقیقی ذمہ داریاں ادا کرتے ہیں،جماعت اسلامی نے ہمیشہ اس اہم نکتہ کو اجاگر کرنے کے لیے انفرادی اور اجتماعی دائروں میں جدوجہد کی ہے۔

10 فروری تا 10مارچ” مضبوط خاندان،محفوظ عورت، مستحکم معاشرہ” کے عنوان سے شروع ہونے والی مہم کے آغاز کے موقع پر اسماء سفیر نےکہا کہ دوران مہم خاندان کو متاثر کرنے والے عوامل،خواتین کے حقیقی مسائل، حقوق نسواں اور مثالی خاندان کی تشکیل کے لئے رہنما اصولوں کی تشہیر کی جائے گی۔

جماعت اسلامی کراچی کی ناظمہ کا کہنا تھا کہ درپیش چیلنجز کے ادراک اور اس کے حل کے لیے ایک بڑی خواتین کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا،نیز تربیت اولاد  جیسے عنوانات پر مدرز ورکشاپ، ملٹی میڈیا پریزنٹیشن،  سوشل میڈیا پر اصلاحی پیغامات اور ہفتے وار درس قرآن میں استحکام خاندان اور اسلام میں دیئے گئے عورت کے حقوق و فرائض کو اجاگر کیا جائے گا۔

اسماء سفیر نے مزید کہا کہ اگر ہم  ملک و قوم کو ترقی، کامیابی اور خوشحالی کی طرف گامزن دیکھنا چاہتے ہیں تو ذہنی غلامی کا طوق اتار کر اپنے خاندانوں کی تربیت اسلام کے دیئے ہوئے اعتماد اور رہنمائی کی بنیاد پر کرنی ہوگی۔