پیٹرول پر 12روپے لیٹراضافے کی سمری ارسال، پنجاب اور پختونخوامیں گیس مہنگی کرنے کی منظوری

530

اسلام آباد( آن لائن +صباح نیوز+مانیٹرنگ ڈیسک) عوام کو نہ گھبرانے کا مشورہ دینے والے وزیر اعظم عمران خان کی حکومت نے مہنگائی کی چکی میں پسے عوام پر رواں ماہ میں تیسری مرتبہ پیٹرول بم گرانے کی تیاری کرلی گئی، یکم فروری سے پیٹرول 12،ڈیزل 10، مٹی کا تیل 7اور لائٹ ڈیزل ساڑھے 5 روپے فی لیٹر مہنگا ہونے کا امکان ہے، سمری ارسال کردی گئی، دوسری جانب اوگرا نے پنجاب اور پختونخوا کے لیے گیس کی قیمتوں میں 315 روپے 60 پیسے ایم ایم بی ٹی یو کا اضافہ کردیا، صارفین پر223 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ ادھر ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں ایک ہفتے کے دوران مہنگائی مزید بڑھ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو بھیج دی جس میں پیٹرول 12 روپے اور ڈیزل 10 روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کی سمری 30 روپے فی لیٹر لیوی کی بنیاد پر تیار کی، اس وقت فی لیٹر پیٹرول پر لیوی 21 روپے 56 پیسے اور فی لیٹر ڈیزل پر 23 روپے 9 پیسے ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ حکومت لیوی میں اضافہ نہ کرکے مجوزہ اضافے کو بہت کم سطح پر بھی لاسکتی ہے یا لیوی میں معمولی کمی سے پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتوں کو برقراربھی رکھ سکتی ہے۔ جنوری میں حکومت نے 2 مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا جس کے تحت یکم جنوری سے پیٹرول کی قیمت میں 2.31 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 1.80 روپے فی لیٹر جبکہ 15 جنوری کو پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 20 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 95 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔ علاوہ ازیں میڈیا رپورٹس کے مطابق سوئی ناردرن گیس کمپنی کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کی درخواست پر اوگرا نے سوئی ناردرن گیس کے صارفین کے لیے گیس مہنگی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں 315 روپے 60 پیسے ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی منظوری دے دی۔اضافے کے بعد نئی اوسط قیمت 881 روپے 40 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ اس سے قبل گیس کی قیمت 565 روپے 81 پیسے ایم ایم بی ٹی یو تھی۔ اوگرا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی قیمتوں کا اطلاق وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد ہوگا۔ بتایا گیا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے سے صارفین پر 233 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اوگرا نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے گیس کے اوسط ٹیرف میں اضافہ کردیا تھا۔ مزید برآں ملک بھر میں مسلسل مہنگائی میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.52 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ادارہ شماریات کی طرف سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی شرح بڑھ کر 7.48 فیصد ہوگئی، ایک ہفتے میں مرغی ،پسی مرچ ، گھی ،دالیں، لہسن، چاول، گڑ، مٹن سمیت18 اشیائے ضروریہ مہنگی ہو گئیں۔