جرمن اسلام دشمن سیاسی جماعت کی خفیہ نگرانی شروع

371

برلن (انٹرنیشنل ڈیسک) جرمن انٹیلی جنس ایجنسی نے اسلام اور تارکین وطن کی مخالفت کرنے والی انتہائی دائیں بازو کی سیاسی جماعت کی خفیہ نگرانی کا فیصلہ کرلیا۔ جرمن اخبارمٹل ڈوئچر سائٹنگ کی رپورٹ کے مطابق سیکسنی انہالٹ میں اے ایف ڈی کی صوبائی شاخ کی نگرانی شروع کی جائے گی۔ اس دوران تنظیم کے 1400ارکان کے رابطوں اور رقوم کی منتقلی پر نظر رکھی جائے گی۔ انتہائی دائیں بازو کی جماعت کی مشکوک سرگرمیوں سے متعلق کئی سال سے شواہد جمع کیے جارہے تھے،جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ داخلی انٹیلی جنس ایجنسی بی ایف وی کے حکام کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعت خاص طور پر صوبے سیکسنی انہالٹ میں شہریوں حملوں، قانون کی حکمرانی کو مسترد کرنے اور غیر جمہوری رویوں کی مرتکب ثابت ہوئی۔ قبل ازین مشرقی صوبوں برانڈن برگ اور تھیورنگیا میں تنظیم کی صوبائی شاخوں کو پہلے ہی مشتبہ قرار دے کر ان کی نگرانی کی جا رہی ہے ۔ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ سیاسی جماعت کے جرمنی میں نئے نازی گروہ کے ساتھ روابط اور تعلقات ہیں۔ انتہاپسند جماعت نے گزشتہ علاقائی پارلیمانی الیکشن میں 24فیصد ووٹ حاصل کیے تھے اور اس تنظیم کو مقامی سطح پر عوامی تائید حاصل ہے ۔ اے ایف ڈی کو صوبائی سطح پر اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت قرار دیاجاتا ہے۔ دوسری جانب سیکسنی انہالٹ میں تنظیم کے سربراہ نے الزام عائد کیا کہ ریاستی حکومت کی نگرانی شروع کر کے تنظیم کو کمزور کرنا چاہتی ہے اور اس طرح داخلی سیکرٹ سروس کا پر غلط استعمال کیا جارہا ہے۔