برطانیہ نے پابندی کے باوجود 58 ممالک کو ہتھیار فروخت کیے

247

لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانیہ نے 58 ایسے ممالک کو ہتھیار فروخت کیے، جن پر تجارتی اور اسلحہ کی خرید و فروخت پر پابندی عائد تھی۔ خبر رساں اداروں کے مطابق دی گارجین کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ برطانوی وزرا اور عہدے داروں نے گزشتہ 5 برس میں تجارتی و دیگر پابندیوں کی زد میں آئے ہوئے ممالک کو اسلحہ فروخت کیا۔ رپورٹ کے مطابق برطانیہ نے 73 میں سے 58 ممالک کو فوجی ہارڈ ویئر برآمد کیے۔ بین الاقوامی تجارت کے شعبہ (ڈی آئی ٹی) کی پابندیوں کے باوجود اسنائپر رائفلیں، اسالٹ رائفلز اور بحری سامان فراہم کیا۔ دوسری جانب ایکشن آن آرمڈ وائلنس نامی تنظیم نے کہا ہے کہ برآمدات قانونی ہیں لیکن اسلحہ برآمد کرنے سے پہلے مذکورہ ریاستوں میں انسانی حقوق سے متعلق امور کو زیر غور لانے میں بدترین ناکامی ظاہر ہوتی ہے۔ برطانوی محکمہ تجارت کی فہرست میں بحرین، بنگلا دیش، کولمبیا، مصر اور سعودی عرب اہم برآمدی منڈیوں کے طور پر شامل ہیں۔