ٹنڈو محمد خان، متعدد پولیس کارروائیوں میں 8 ملزمان گرفتار

303

 

ٹنڈو محمد خان (نمائندہ جسارت) پولیس کا منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کیخلا ف تابڑ توڑ کاروائیوں کا سلسلہ جاری، 8 ملزمان گرفتار، مقدمہ درج۔ ایس ایس پی عابد بلو چ کی ہدایت پر ضلع ٹنڈو محمد خان میں منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ایس ایچ او سٹی پولیس اسٹیشن نے اپنے اسٹاف کے ہمراہ 4 الگ الگ کارروائیاں کرتے ہوئے دوران پیٹرولنگ تالپور کالونی میں ایک منشیات فروش ملزم رستم علی کمبھار کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 1100 گرام چرس برآمد کر کے مقدمہ درج کرلیا۔ بٹھورو روڈ پر دوران گشت کارروائی کرتے ہوئے ایک منشیات فروش انور ہالیپوتہ کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 1200 عدد مین پوریاں برآمد کر کے مقدمہ درج کرلیا۔ دوران پیٹرولنگ فوجی پیٹرول پمپ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش آفاق کولاچی کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 700 عدد مین پوریاں برآمد کرلیں۔ ایک اور کارروائی کے دوران سونپاری پر چھاپا مار کر ایک منشیات فروش محبوب علی کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 20 لیٹر تیار شدہ دیسی شراب برآمد کرلی۔ پولیس اسٹیشن مویا کے ایس ایچ او نے دوران گشت کڑیو واہ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم اوم پرکاش کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 15 لیٹر شراب برآمد کرلی اور مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس پوسٹ بخاری کے انچارج نے ساؤنڈ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 عدد چنگ چی رکشا، 2 ایم پی تھری، 4 لاؤڈ اسپیکر برآمد کر کے سٹی پولیس اسٹیشن میں 2 ملزمان ممتاز تالپور اور علی حسن وسان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس اسٹیشن ملاکاتیار کے ایس ایچ او نے دوران گشت کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم شفیع محمد ملاح کو گرفتار کر کے اس کی سوزوکی مع لاؤڈ اسپیکر، ایم پی تھری برآمد کر کے ساؤنڈ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔