جنوبی افریقا کرکٹ ٹیم کا دورہ دیگر ٹیموں کو پاکستان لانے میں مدد کرے گا،فاف ڈوپلیسی

309

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز فاف ڈوپلیسی کا یہ گزشتہ 4سال میں پاکستان کا تیسرا دورہ ہے۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق تجربہ کار مڈل آرڈر بیٹسمین نے آئی سی سی ورلڈ الیون کرکٹ ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لیے2017 میں لاہور کا دورہ کیا۔ فاف ڈوپلیسی دوسری مرتبہ گزشتہ سال پی ایس ایل میں شرکت کی غرض سے پاکستان آئے۔ انہوں نے کراچی میں کھیلے گئے لیگ کے پلے آف میچز میں پشاور زلمی کی نمائندگی کی ،26جنوری سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہونے والا ٹیسٹ میچ جہاں فاف ڈوپلیسی کے ٹیسٹ کیرئیر کا 68واں میچ ہوگا تو وہیں یہ36سالہ بیٹسمین کا پاکستان کی سرزمین پر پہلا ٹیسٹ میچ ہوگا۔فاف ڈوپلیسی نے کہاکہ پاکستان نے گزشتہ 11 سال اپنی ہوم کرکٹ متحدہ عرب امارات میں کھیلی ، جس کی وجہ سے پاکستان کرکٹ کے فینز کی ایک نسل اپنے اسٹار کرکٹرز کو اپنے گراو نڈز میں کھیلتا نہیں دیکھ سکی، یہ ضروری ہے کہ پاکستان اپنی ہوم کرکٹ اپنے ملک میں ہی کھیلے۔سابق ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ دیگر قوموں کی طرح پاکستانی فینز بھی اپنی ٹیم پر بہت فخر محسوس کرتے ہیں، جب بھی برصغیر کا دورہ کریں ہمیں یہاں کرکٹ کے بہت پرجوش مداح دیکھنے کو ملتے ہیں، یہ فینز ہر میچ دیکھنے آتے ہیں اور ہر میچ میں اپنی ٹیم کو سپورٹ کرتے ہیں، دن بھر ان کا جوش اور جذبہ دیدنی ہوتا ہے۔فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ اس تناظر میں یہ پاکستانیوں کے لیے ایک بہت خوشی کا موقع ہے۔