اسرائیل کو کسی کا باپ تسلیم نہیں کراسکتا ، کراچی میں اسرائیل نا منظور مارچ

735
کراچی: جے یو ائی ف کے زیراہتمام اسرائیل مردہ آباد مارچ میں کارکنان بڑی تعداد میںشریک ہیں‘چھوٹی تصویر میں مولانا فضل الرحمن‘ اسداللہ بھٹو‘ شاہد خاقان عباسی‘ سعید غنی ودیگر اسٹیج پر بیٹھے ہیں

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے صدر اور جمعیت علمائے اسلام ف کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ اسرائیل کو کسی کا باپ تسلیم نہیں کراسکے گا۔امریکی صدر جوبائیڈن بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت بنانے کا فیصلہ واپس لینے کا اعلان کرے‘ 5فروری کو راولپنڈی میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو مزار قائد سے متصل شاہراہ پر اسرائیل نامنظور ملین مارچ سے خطاب میں کیا۔مولانا فضل الرحمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل نا منظور ملین مارچ سے خطاب پر مسجد اقصیٰ کے امام و خطیب اور حماس کی قائد کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ مولانا فضل الرحمن نے عربی میں مسجد القصی کے خطیب اور اسماعیل ہانیہ کو پیغام دے دیا۔ ان کا شکریہ ادا کیا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا
کہ فلسطینی بھائیوں کو واضح پیغام دیتا ہوں کہ پاکستانی قوم خون کے آخری قطرے تک آپ کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔تاحد نظر انسانی سروں کا سمندر 22 کروڑ پاکستانیوں کی نمائندگی کررہا ہے‘ یہ اجتماع امت مسلمہ کی بھی‘نمائندگی کررہا ہے۔شاہ فیصل نے فرمایا تھا کہ تمام عرب اسرائیل کو تسلیم کرلیں ہم نہیں کریں گے۔بانی پاکستان نے کہا تھا کہ اسرائیل نے مسلمانوں کی پیٹھ میں خنجر گھونپا ۔کبھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔امت مسلمہ ان آوازوں کو بھولی نہیں۔1949 کی قرار داد پاکستان کے قیام کی بنیاد ہے تو اسرائیل کو مسترد کرنے کی بھی بنیاد ہے۔ اسرائیل نے پاکستان کو ختم کرنا اپنی خارجہ پالیسی کی ترجیح رکھی۔اس ملک کو تسلیم کرنا پاکستان کی وفاداری کیسے ہوسکتی ہے۔پاکستان کے غدار ہے اسرائیل کو تسلیم کریں گے۔ مولانا فضل الرحمن نے واشگاف اعلان کیاکہ اسرائیل کو کسی کا باپ تسلیم نہیں کرسکے گا۔حرمین شریفین کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے‘سعودی عرب کے حکمرانوں اور عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ حرمین شریف کے تحفظ کے لیے بچہ بچہ کٹنے مرنے کو تیار ہے۔حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ فلسطین کی جدوجہد آزادی کی حمایت کی ہے۔ فلسطینی قوم پاکستانی عوام کے جذبوں کی قدر کرتی ہے۔ صہیونیوں نے فلسطین پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے۔پوری امت مسلمہ کے دل فلسطینیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔مسلم امہ کسی صورت اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گی۔ فلطسین کے مفتی اعظم اور مسجد اقصی کے خطیب شیخ عکرمہ نے کہا کہ مسجد اقصی قبلہ اول ہے ، یہاں کی انتظامیہ اور اس کے محافظوں کی جانب سے اسلام پیش کرتا ہوں ، یہ اجتماع آپ کی قبلہ اول سے محبت کی دلیل ہے ، مسجد حرام جیسی حرمت رکھتا ہے ، مسجد نبوی اور مسجد الحرام کے حوالے سے قرآنی آیات اس کی دلیل ہیں ، مسلمانوں ہم قبلہ اول کے حوالے سے پاکستانی عوام کی محبت اور جذبہ اور جدوجہد کی احترام کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل مخالف ملین مارچ کا انعقاد پاکستان کے بچے بچے نے دل کی آواز ہے۔ اسرائیل یہودیوں کی ناجائز ریاست ہے جو فلسطین کے مسلمانوں پر ظلم کررہی ہے۔دنیا اس ظلم پر خاموش اور تماشہ دیکھ رہی ہے۔فلسطینیوں کی حمایت کرنا ہمارے ایمان کا تقاضا ہے۔پاکستان کے آئین کا بھی تقاضہ ہے کہ فلسطین کی حمایت کی جائے‘ ہم کسی عرب ریاست کی تقلید نہیں کریں گے۔جے یو آئی ف کے مرکزی رہنماء عبدالغفور حیدری نے کہا کہ سلیکٹیڈ حکمرانوں کو کراچی سے پیغام دیا کہ اسرائیل نامنظور‘ پاکستانی کبھی فلسطینیوں کے قاتل اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔ مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماشاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک میں اسرائیل کر تسلیم کرنے کے بیانیے کو تقویت دینے کی کوشش کی جارہی ہے‘ پاکستان کے عوام کو دھوکا دے کر یہ مفاد حاصل نہیں کیا جاسکتا‘پی ڈی ایم بھی اس موقف پر متحد ہے۔ پشتون خواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ مدارس کے طلبہ کے خلاف پروپیگنڈا کیا جاتا ہے‘ دنیا اپنے مقاصد کے لیے پشتونوں کو دہشت گرد قرار دیتی ہے‘ مدارس کے طلبہ کو بھی اسی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتاہے۔پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور فلسطینیوں کا تعلق کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اسرائیل کے معاملے میں فلسطینیوں کی رضا مندی کے بغیر اسرائیل نامنظور کا ہی نعرہ لگائیں گے۔حکومت نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا شوشا چھوڑا۔حکومت کشمیر پر سودے بازی کرچکی ہے۔