ریفریشر آرچری انسٹریکٹر کورس کا کامیاب انعقاد

836

کراچی: سندھ آرچری ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ریفریشر آرچری انسٹریکٹر کورس منعقد ہو ا، جس میں 84 آرچری انسٹریکٹر نے شرکت کرکے سرٹیفکیٹ حاصل کیے۔

تفصیلات کے مطابق یہ کورس سندھ آرچری ایسوسی ایشن کے رجسٹرڈ انسٹریکٹرز کے لیئے منعقد کیا گیا ، جس میں سندھ آرچری ایسوسی ایشن کے چیئر مین امتیاز شیخ نے  خصوصی شرکت کی۔

سندھ آرچری ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل فرخ بلال نے کہا کہ یہ کورس کرانے کا مقصد ملک میں رجسٹرڈ آرچری انسٹریکٹر دیگر کلبوں میں نوجوان نسل کی رہنمائی کریں ، نمایاں کارکردگی دکھانے والے انسٹریکٹرز کو لیول ون کوچنگ کورس کے لیے منتخب کیا جائے گا، جس کا انعقاد پاکستان آرچری فیڈریشن کروانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

سندھ آرچری ایسوسی ایشن کے سیکریٹری نے مزید کہاکہ آرچری سکھانے کا مقصد نوجوانوں میں چھپی صلاحیتوں کو اجاگر کرناہے، نئی نسل کو اپنے آپ کو منوانے کے لیے ہر سطح پر کھیل میں حصہ لے کر اپنے ملک کی نمائندگی کرنی چاہیے۔

فرخ بلال نے مزید کہاکہ آرچری کا کھیل اس سوچ کے ساتھ کھیلنا کہ یہ ہمارے نبیؐ کی سنت ہے  تویقینااُس فرد کو ہر میدان میں کامیابی ملے گی۔

جبکہ دوسری جانب ورلڈ آرچری کے زیر اہتمام 3روزہ انڈور آرچری ورلڈ سیریز آن لائن اسٹیج تھری کا انعقادکیا گیا، جس میں انٹرنیشنل ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی ارسلان صدیقی ، سید انیق اور مہدی حسن نے کی۔

اس موقع پر سندھ آرچری ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل فرخ بلال نے کہا کہ اس ایونٹ میں حصہ لینے والے تینوں آرچرز کا تعلق صوبہ سندھ سے ہے، یہ پہلا موقع ہے کے سندھ کے آرچرز نے کسی انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کی ہے،انٹرنیشنل ایونٹ  میں3ہزار سے زائد آرچرز نے حصہ لیا۔