عبدالرشید کا دوہری پالیسی کیخلاف اسمبلی میں قرارداد لانے کا اعلان

232

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے منتخب رکن صوبائی سید عبدالرشید نے نواب شاہ میڈیکل یونیورسٹی میں کراچی کی طالبات کو نظر انداز کیے جانے کا معاملہ سندھ اسمبلی میں اٹھانے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز برائے خواتین نواب شاہ میں ایم بی بی ایس کے سیشن برائے سال 21-2020ء میں پورے صوبے سے طالبات داخلہ لے سکتی ہیں جبکہ کراچی کا ڈومیسائل رکھنے والی طالبات کے لیے داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید نے سندھ حکومت کی دوہری پالیسی کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواب شاہ کی سرکاری میڈیکل یونیورسٹی برائے خواتین میں پورے صوبے سے طالبات داخلہ لے سکتی ہیں جبکہ تین کروڑ آبادی کے شہر کراچی کی طالبات کے لیے میرٹ پر ایک بھی نشست نہ ہونا افسوس کی بات ہے۔ سید عبدالرشید نے کہا ہے کہ یہ دوہری پالیسی اور سندھ حکومت کی جانب سے واضح تفریق کا اظہار ہے۔ جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد بھی پیش کریں گے۔