شمالی کوریا میں فوجی پریڈ جوہری ہتھیاروں کی نمائش

483
پیانگ یانگ: شمالی کوریا میں فوجی پریڈ کے موقع پر عسکری گاڑیاں جوہری میزائلوں کی نمایش کررہی ہیں‘ ملکی رہنما کم جونگ اُن خوشی کا اظہار کررہے ہیں

پیانگ یانگ (انٹرنیشنل ڈیسک) شمالی کوریا نے فوجی پریڈ کے موقع پر جوہری ہتھیاروں کی نمایش کردی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق دارالحکومت پیانگ یانگ میں منعقد پریڈ میں بیلسٹک میزائل بھی پیش کیے گئے،جنہیں آبدوزوں سے فائر کیے جا سکتا ہے اور ان پر جوہری ہتھیار نصب کیے جا سکتے ہیں۔ مقامی میڈیا نے اس موقع پر تصاویر جاری کرتے ہوئے شمالی کوریا کے نئے میزائلوں کو دنیا کا سب سے طاقتور ہتھیارقرار دیا ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اْن نے چند روز قبل اپنی اقتصادی پالیسیوں میں ناکامی کا اعتراف کیا تھا، لیکن وہ ملک کی فوجی قوت میں برتری کے لیے پُرعزم ہیں۔ پریڈ میں شرکت کے موقع پر کم جونگ انتہائی خوش دکھائی دیے۔ سب میرین لاؤنچ بیلسٹک میزائل کی صورت میں طاقتور ہتھیار کا شمالی کوریا ئی فوج کو فراہم کرنا ملک کو مزید بنا دے گا۔ واضح رہے کہ شمالی کوریا آئے دن مہلک ہتھیاروں کے تجربات کرتا رہتا ہے۔ اس سلسلے میں امریکا کے صدر ٹرمپ کم جونگ ان کے ساتھ 2ملاقاتیں کرچکیں ہیں،جو ان کی مضحکہ خیز پالیسی کے تحت ناکام ہوگئے۔ قبل ازیں شمالی کوریا نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ٹرمپ اور کم جونگ اْن کا ذاتی تعلق ایٹمی مذاکرات کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے کافی نہیں ہے۔ وزارت خارجہ کے مشیر کم کئی گو کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کے مطالبات کی منظوری تک کسی قسم کے مذاکرات ممکن نہیں۔ واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور مذاکرات میں کئی بار اتار چڑھاؤ آچکا ہے۔ کم جانگ اْن اور ٹرمپ کے درمیان 2018 ء میں مذاکرات ہوئے۔ اس کے بعد 2019ء میں بھی ملاقات ہوئی،جس کا مقصد جوہری اسلحہ میں تخفیف تھا۔ اس موقع پر امریکانے جوہری پروگرام کو مکمل طور پر ترک نہ کرنے تک پابندیاں اٹھانے سے انکار کر دیاتھا۔