امریکا تحفظات بھارتی دہشت گردی پر مرکوز کرے‘ پاکستان

209

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے ہچکچاہٹ کے نتیجے میں ممبئی کیس میں قانونی عمل ابھی تک تعطل کا شکار ہے لہٰذا امریکا اپنے تحفظات دہشت گردی کی بھارتی منصوبہ بندی اور فروغ کے لیے رکھے۔کالعدم تنظیم کے رہنما کو سزا سے متعلق امریکی بیان کے ردعمل میں دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مختلف ٹوئٹس میں کہا کہ پاکستان اپنے دستور کی مکمل پاسداری اور اپنی عالمی ذمے داریاں پوری کر رہا ہے اور بہتر عمل کے ذریعے تحقیقات، مقدمات پر کارروائی اور سزا دیے جانے کا عمل پاکستان کے قانونی نظام کے مؤثر ہونے کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قانونی نظام بیرونی عناصر یا دباؤ کے بغیر آزادی سے کام کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستانی عدالتوں کی طرف سے جرح کے لیے گواہ بھیجنے کے حوالے سے بھارت کی طرف سے ہچکچاہٹ کے نتیجے میں ممبئی کیس میں قانونی عمل ابھی تک تعطل کا شکار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا اپنے تحفظات دہشت گردی کی بھارتی منصوبہ بندی، فروغ، مالی معاونت کے لیے رکھے جس کے پہلے ہی نمایاں قابل تردید ثبوت فراہم کیے جاچکے ہیں۔ واضح رہے کہ دو روز قبل انسداد دہشت گردی کی عدالت نے دہشت گردوں کی مالی معاونت کے مقدمے میں کالعدم تنظیم لشکر طیبہ کے رہنما ذکی الرحمن لکھوی کو مجموعی طور پر 15 سال قید اور 3 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔امریکا نے گزشتہ روز ذکی الرحمٰن لکھوی کی سزا سے متعلق فیصلے کو حوصلہ افزا قرار دیا تھا۔امریکی وزارت خارجہ کے بیورو برائے جنوبی اور وسطی ایشیائی امور نے ٹوئٹر پر کہا تھا کہ اس کے جرائم دہشت گردی کی مالی اعانت سے کہیں زیادہ ہیں، پاکستان کو ممبئی حملوں سمیت دہشت گرد حملوں میں ملوث ہونے کے معاملے میں ذکی الرحمن لکھوی کو احتساب کے کٹہرے میں لانا چاہیے۔