وفاق المدارس کے انتخابات کی تیاریاں، اجلاس 16 جنوری کو ہوگا

294

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان میں دینی مدارس کے سب سے بڑے نیٹ ورک وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے انتخابات کی تیاری شروع کردی گئیں،16جنوری کو اجلاس ہوگا، وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے کردار کو ملک کے اسلامی نظریاتی تشخص کے تحفظ اور دفاع کیلئے مزید مؤثر بنانے کیلیے اہم فیصلے کیے جائیں گے اور ایک نیا اعلیٰ سطح کا سپریم کونسل کا فورم بنانے کا بھی امکان ہے، آزاد کشمیر کے 8 ادارے اور ان کے سربراہان کو بھی شوریٰ میں شامل کرلیا گیا ہے جو لاہور اجلاس میں خصوصی شرکت کریں گے، ڈیڑھ ہزار ارکان پر مشتمل مجلس عمومی کے ارکان کو آگاہ کردیا گیا، انتخابات جامعہ اشرفیہ لاہور میں ہوں گے۔ مسلک دیو بند سے تعلق رکھنے والے تمام مدارس کی قیادت جمع ہوگی ان میں اکوڑہ خٹک، جامعہ بنوریہ کراچی، ڈیرہ اسماعیل خان، خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع، بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، قبائلی اضلاع کے مدارس کے مہتمم اور منتظم کے نمائندے شریک ہوں گے۔ انتخابات کے موقع پر جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، نامور عالم دین مفتی محمدتقی عثمانی، مولانا حامدالحق حقانی، قاری محمد حنیف جالندھری اور دیگر جید مذہبی شخصیات کی قیادت میں تقریباً ڈیڑھ ہز ار علمائے کرام اکٹھے ہوں گے اور مستقبل کی قیادت کا فیصلہ کیا جائے گا۔