سینیٹ اور ضمنی انتخابات پر ن لیگ 2حصوں میں تقسیم

277

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)مسلم لیگ (ن)ضمنی اور سینیٹ انتخابات کے حوالے سے2 حصوں میں بٹ گئی ہے اور اندرونی اختلافات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، ضمنی اور سینیٹ الیکشن کے لیے مریم نواز گروپ بائیکاٹ اور شہباز شریف گروپ انتخابات میں حصہ لینے کا حامی ہے۔دونوں جانب سے نواز شریف پر فیصلہ لینے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے جبکہ شہباز شریف نے سینیٹ کے امیدواروں کو تیاری کرنے کا بھی کہہ دیا ہے۔ شہباز شریف نے ابتدائی طور پر پرویز رشید، راجا ظفر الحق اور مشاہد اللہ کو گرین سگنل دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ( ن)لیگ نے سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کی تیاریاں اورامیدواروں کے ناموں پر غور شروع کر دیا ہے،(ن)لیگ کی جانب سے پرویز رشید، راجا ظفر الحق، مشاہد اللہ کا نام شاٹ لسٹ کر لیا گیاہے جب کہ پیپلز پارٹی سندھ سے سینیٹ میں نئے لوگوں کو لانے کا سوچ رہی ہے اورکئی نام زیر غور ہیں، ریٹائرڈ ہونے کے بعد سسی پلیجو کو سندھ کابینہ میں شامل کرنے پر غور ہو رہا ہے جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیم مانڈوی والا کو کابینہ میں بھی اہم ذمے داری دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی نے سندھ میں قومی و صوبائی اسمبلی کی 3 نشستوں پر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔