جماعت اسلامی خواتین کا پمز اسپتال ملازمین سے اظہار یکجہتی

167

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سب سے بڑے اسپتال کی نجکاری کے خلاف ملازمین کے احتجاج میں اظہار یک جہتی کے لیے جماعت اسلامی حلقہ خواتین بھی میدان میں آگئی ، جماعت اسلامی پاکستان کی خواتین رہنماؤں نے سابق رکن قومی اسمبلی ،ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی خواتین عائشہ سید کی سربراہی میں ایم ٹی آئی کے قانون کے خلاف پمز کے ملازمین اور ڈاکٹرز کے احتجاج میں شرکت کی ۔ پمزاسپتال کے سبزہ زار میں گرینڈہیلتھ الائنس کے زیراہتمام احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان و سابق رکن قومی اسمبلی عائشہ سیدنے کہا کہ عمران خان میں اتنی سکت نہیں کہ وہ قومی معاملات کو حل کرسکیں، عوام اور ملازمین اسی طرح متحد رہے تو چند دنوں میں حکمران ان کے قدموں پر ڈھیر ہو جائیں گے ،جماعت اسلامی کی منظم طاقت، پمز اسپتال کے ملازمین کی پشت پر ہے، اتحاد کی طاقت سے پمزاسپتال کی تباہی کے آرڈیننس کو مسمار کر دیں گے۔جماعت اسلامی کی پریس سیکرٹری شبانہ ایاز ،شعبہ تعلقات عامہ سے آنسہ اشفاق اور نگران نشرو اشاعت ضلع راولپنڈی عطیہ ظفر بھی اس موقع پرموجودتھیں۔