ڈبلیو ایچ او کے سربراہ چین کے رویے سے دل برداشتہ

498

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ نے کہا کہ وہ اُس وقت مایوس ہوئے جب چین نے کوروناوائرس وبا کی جانچ کرنے والی تحقیقاتی ٹیم کو ملک میں داخلے سے منع کر دیا۔

غیر ملکی نیوز اجنسی کے مطابق ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس اڈھانوم نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کی ٹیم کو ملک میں داخلے کی اجازت نہ دینے کی خبر سے مجھے مایوسی ہوئی۔ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ چینی عہدیداروں نے ابھی تک ٹیم کی چین آمد کے لئے ضروری اقدامات کو حتمی شکل نہیں دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ چین جلد سے جلد ٹیم کے داخلی اقدامات کو تیزی سے عمل میں لائے گا۔ ہم اس مشن کو جلد سے جلد مکمل کرنے کے خواہاں ہیں۔

واضح رہے کہ اس ٹیم نے چین کے ووہان شہر کا دورہ کرنا تھا جہاں ناول کورونا وائرس پہلی بار دسمبر 2019 میں سامنے آیا تھا اور پھر متعدد ممالک میں وبا پھیلنے کے بعد چین میں اس حوالے سے تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

جون میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ چین نے وبا کے دوران صحت سے متعلق اپنی رپورٹنگ کی ذمہ داریوں کو نظرانداز کیا ہے اور اس نے دنیا کو کوروناوائرس وبا کے حوالے سے گمراہ کیا ہے۔