قائد اعظم ٹرافی فائنل سنسنی خیز مقابلے کے بعد ٹائی، دونوں ٹیمیں مشترکہ فاتح قرار

395

کراچی: پاکستان کرکٹ کے سب سے بڑے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کا فائنل میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد تاریخ میں پہلی بار ٹائی ہو گیا، جس کے بعد خیبر پختونخواہ اور سنٹرل پنجاب کی ٹیمیں مشترکہ طور پر فاتح قرار پائیں۔

تفصیلات کے مطابق قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون ڈومیسٹک سیزن 21-2020  کا فائنل میچ  سنسنی خیز مقابلے کے بعد ٹائی ہوگیا، 356 رنز ہدف کے تعاقب میں سینٹرل پنجاب کے کپتان حسن علی کی شاندار بیٹنگ پرفارمنس نے جیت خیبرپختونخواہ کے ہاتھوں سے چھین لی۔ خیبرپختونخواہ اور سنٹرل پنجاب کو مشترکہ طور فاتح قرار دے دیا گیا۔ حسن علی نے 61 گیندوں پر 10 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 106 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو یقینی شکست سے بچا لیا۔

سنٹرل پنجاب کو میچ جیتنے کے آخری روز 216 رنز درکار تھے اور انکی آٹھ وکٹیں باقی تھیں، سنٹرل پنجاب نے  140 رنز دوکھلاڑی آؤٹ سے آخری روز دوسری اننگز کا آغاز کیا۔ عثمان صلاح الدین 51 رنز اورمحمد سعد 27 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ محمد سعد بغیر کسی اضافے کے 27 رنز پر ارشد اقبال کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

عثمان صلاح الدین بھی 67 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے انکی اننگز میں چار چوکے شامل تھے، سنٹرل پنجاب کی ٹیم مشکلات کا شکار ہو گئی تھی ایک موقعہ پر انکی 202 رنز پر7 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ سعد نسیم 5، قاسم اکرم 30، علی شان 11، بلاول اقبال محض سات رنز بنا سکے۔

حسن علی نے اپنی بیٹنگ لائن کو سہارا دیا 61 گیندوں پر 10 چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے 106 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو مکمل شکست سے بچانے میں کامیاب رہے، احمد صفی نے 35 اور وقاص مقصود نے چار رنز بنائے، سنٹرل پنجاب کی پوری ٹیم 117.3 اوورز میں 355 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

خیبر پختونخواہ کی طرف سے ساجد خان نے 86 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیاارشد اقبال نے 3 ،عرفان اللہ شاہ نے 2 اور ثمین گل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل خیبر پختونخواہ نے اپنی پہلی اننگز میں 300 رنز بنائے اور سنٹرل پنجاب نے اپنی پہلی اننگز 257 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلئیر کردی تھی۔ خیبر پختونخواہ نے اپنی دوسری اننگز میں 312 پر رنز بنائے تھے اس طرح انہوں نے سنٹرل پنجاب کو جیت کے لیے 356 رنز کا ہدف دیا تھا۔

سنٹرل پنجاب کے وقاص مقصود نے میچ میں سات کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور خیبرپختونخواہ کے عرفان اللہ شاہ نے  چھ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

خیبر پختونخواہ کے کامران غلام کو سیزن 21-2020 میں بہترین بلے باز کا اعزاز دیا گیا، ساجد خان نے بیسٹ بالر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز حاصل کیا، ریحان آفریدی کو بہترین وکٹ کیپر کا اعزاز دیا گیا، پلئیر آف دی فائنل اور پلئیر آف دی ٹورنامنٹ حسن علی کو قرار دیا گیا۔