کشمیریوں کی میتیں ورثا کو دینے سے انکار عالمی ضمیر جھنجھوڑنے کیلیے کافی ہے‘ پاکستان

117

اسلام آباد(اے پی پی) پاکستان نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے شہید کشمیریوں کی میتیں ورثا کے حوالے کرنے سے انکار عالمی ضمیر جنجھوڑنے کے لییکافی ہے۔منگل کو ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سری نگر میں 3کشمیری نوجوانوں کی بھارتی افواج کے ہاتھوں ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں،بھارت میتیں تدفین کے لیے ورثا کے حوالے کرے۔انہوںنے کہا کہ شہید کشمیری نوجوانوں ،اعجاز احمد گھانئی، زبیر احمد لون اور اطہر مشتاق وانی کے اہل خانہ اور ہمسایوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ نوجوان لڑکے بے قصور تھے ، جو بدقسمتی سے اس دن سری نگر گئے تھے جہاں وہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہوگئے۔ ترجمان نے کہا کہ یہ انتہائی ظلم اور غیر انسانی سلوک ہے کہ اہل خانہ کی طرف سے بار بار اپیل کرنے کے باوجود ان تینوں شہدا کی میتوں کو مناسب تدفین کے لیے ان کے حوالے نہیں کیا جاتا ۔ یہ ظلم کی ایک نئی شکل ہے جس کو اب بھارتی قابض افواج کشمیری عوام کے عزم کو توڑنے کے لیے استعمال کر رہی ہیں تاہم وہ اس کوشش میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔