عمران خان کی ایک تقریر کشمیر کی آزادی کا عنوان نہیں بن سکتی‘ خالد محمود

143

اسلام آباد( صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ عمران خان کی اقوام متحدہ میں ایک تقریر کشمیر کی آزادی کا عنوان نہیں بن سکتی ،کشمیریوں کو عالمی سطح پر اپنا مسئلہ خود پیش کرنے کا موقع دیا جائے ،مودی کے اقدامات کے خلاف اسلام آباد سے جوابی اقدامات ہونے چاہییں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے تحریک آزادی کشمیر ماضی حال اور مستقبل کے عنوان پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی ،نائب امیر جماعت اسلامی راجا فاضل تبسم ، علی گیلانی کے نمائندے عبداللہ گیلانی ،ناظم جموں وکشمیر اسلامی جمعیت طلبہ مسرور ظفر ، آزادکشمیر ضلع اسلام آباد کے امیر اشرف بلال ،ضلع راولپنڈی کے امیر صالح طاہر سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے داکٹر خالد محمود خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر نازک اور مشکل ترین دور سے گزررہا ہے لیکن اہل کشمیر کوہ گراں کی طرح استقامت کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں۔بھارت کے مقابلے میں کمزوری دکھانے کے بجائے پوری قوت کے ساتھ مقابلہ کیا جائے پوری قوم شانہ بشانہ ہے ،جماعت اسلامی وحدت کشمیراور حق خودارادیت پر کوئی سمجھوتانہیں کرے گی ،جماعت اسلامی 5جنوری سے 5فروری تک وحدت کشمیر اور حق خودارادیت مہم چلائے گی ،تارکین وطن نے بھرپور انداز سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا، ہم ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبداللہ گیلانی نے کہاکہ 5اگست کے بعد مودی کے اقدامات کے جواب میں پاکستان اور آزادکشمیر سے اقدامات کا نہ ہونا مایوسی کا پیغام پہنچارہا ہے، مقبوضہ علاقوں کو طاقت کے ذریعے ہی آزاد کرایا جاسکتا ہے، 57اسلامی ممالک بیٹھ کر طے کر لیں ہم نے کشمیر اور فلسطین آزاد کرانے ہیں تو یہ گھنٹوں میں آزاد ہوسکتے ہیں، اسی طرح امت کے دیگر مسائل بھی حل ہوسکتے ہیں ۔