وزیراعظم کے مشیر و معاونین نے سینیٹ ٹکٹ کیلیے لابنگ شروع کردی

193

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم عمران خان کی ٹیم میں شامل غیر منتخب مشیروں اور معاونین خصوصی نے سینیٹ کا ٹکٹ حاصل کرنے کیلیے لابنگ شروع کردی ہے جس پر تحریک انصاف کے نظریاتی رہنمائوں اور کارکنوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے جبکہ اس ساری صورتحال پر گورنر پنجاب چودھری سرور بھی انتہائی پریشان ہیں کیونکہ ان پر واضح کیا گیا ہے کہ جو لوگ اس وقت عمران خان کی حمایت کر رہے ہیں اور ان کی کارکردگی کی پروموشن کر رہے ہیں ان کو ہی سینیٹ انتخاب میں ترجیح دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان اس حوالے سے حتمی فیصلہ کرتے ہوئے پارٹی رہنمائوں اور پرانے کارکنوں کے بجائے چھاتہ بردار معاونین خصوصی کو ہی ترجیح دیں گے اور اس حوالے سے مشیر خزانہ حفیظ شیخ، معاونین خصوصی شہزاد اکبر، شہباز گل اور ندیم بابر کے نام لیے جارہے ہیں جو بعد میں وزیر بھی بن سکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب سے اعجاز چودھری سمیت بہت سے رہنما ایسے ہیںجو کہ سینیٹ کے ٹکٹ کیلیے عمران خان سے امید لگائے بیٹھے ہیں تاہم عمران خان کے ارد گرد معاونین خصوصی اور مشیران کی لابی اپنے لیے سینیٹ کا ٹکٹ حاصل کرنے میں مصروف ہے اوراس صورتحال پر گورنر پنجاب پریشان ہیں کیونکہ وہ بھی چاہتے ہیں کہ پارٹی کے پرانے کارکنوں کوہی سینیٹ کا ٹکٹ ملے۔