پی ٹی اے سے گستاخانہ موادسے متعلق اقدامات پر رپورٹ طلب

163

اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ میںجسٹس عامر فاروق کی عدالت نے سوشل میڈیا ویب سائٹ پر گستاخانہ فلم کی ریلیز کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ پی ٹی اے کی جانب سے نعیم اشرف ایڈووکیٹ عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ اس موقع پر عدالت نے پی ٹی اے سے گستاخانہ مواد روکنے سے متعلق اقدامات کی مکمل رپورٹ طلب کر لی۔ اس موقع پر پی ٹی اے حکام نے عدالت کو بتایا کہ یوٹیوب کا پاکستان میں دفتر کھلوانے کے لیے کوششیں شروع کر دی ہیں، یوٹیوب پر ہم خود سے کوئی مواد بلاک نہیں کرسکتے۔ اس موقع پر جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ اچھا ہو گا تمام سوشل میڈیا سائٹس کے پاکستان میں دفاتر کھل جائیں ،جب سوشل میڈیا سائٹس کے پاکستان میں دفاتر ہوں گے تو ہم ان سے جواب بھی طلب کر سکتے ہیں۔ پی ٹی اے کے وکیل نے عدالت کو بتایاکہ غیر ملکی ویب سائٹ سے متنازع مواد ہٹانے کے لیے رابطہ کر لیا ہے۔ نیٹ فلیکس پر ٹریلر تھا متنازع فلم بیسٹ نیٹ فلیکس نامی ویب سائٹ پر تھی ۔اس موقع پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ متنازع فلم پر پابندی تب لگائیں گے جب پاکستان میں ریلیز ہوگی۔ عدالت نے پی ٹی اے حکام سے تفصیلات طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت2 ہفتوں تک ملتوی کر دی ۔