مقتول اسامہ کے والد کا آئی جی اسلام آباد سے استعفے کا مطالبہ

323

اسلام آباد (آن لائن) پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں جاں بحق ہونے والے نوجوان اسامہ ستی کے والد ندیم یونس ستی نے آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار خان سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا، انہوں نے چیف جسٹس پاکستان سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ کراچی کے نالوں پر سوموٹو نوٹس لیتے ہیں مگر میرے بیٹے کے قتل پر سوموٹو نہیں لیا گیا، میری اپیل ہے کہ وہ اس کیس کی جلد از جلد تحقیقات کرائیں اور ہمیں انصاف فراہم کریں۔ مقتول کے والد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے نیا پاکستان قبرستان میں دفن کردیا،وزیر اعظم صاحب اگر ان قاتلوں کو سزا نہ ہوئی تو میں قاتلوں کو معاف کردوں گا لیکن روز محشر وزیراعظم اور چیف جسٹس کا گریبان پکڑوں گا۔ انہوں نے کہا کہ اسامہ ستی کا معاملہ حکومت، وزیراعظم اور چیف جسٹس کیلیے ٹیسٹ کیس ہے، انسداد دہشت گردی کی دفعات لگنے پر کیس کا فیصلہ 3 مہینوں میںکیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گولیاں گاڑی کے آگے سے لگی ہیں نہ پیچھے سے، اسامہ کو گاڑی سے باہر نکال کر قتل کیا گیا اور اسامہ کے پاؤں پر لگنے والی گولی سے بھی یہی لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کے روز پریس کلب کے باہر احتجاج کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 4 روز ہوگئے جس گن سے فائرنگ ہوئی پولیس کو وہ گن نہیں مل رہی، اگر ایف آئی آر کمزور ہوگی تو لازمی بات ہے کہ ججز ملزمان کو چھوڑنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ شیخ رشید نے وعدہ کیا تھا اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز تحقیقات کریں گے، اب تک شیخ رشید نے ہمارا مطالبہ تسلیم نہیں کیا، ہم ان کی انکوائری کو تسلیم نہیں کرتے۔