فیلڈرز کے کیچز ڈراپ کی وجہ سے نیوزی لینڈ نے 3 وکٹوں پر 286 رنز بنالئے

543

کرائسٹ چرچ (جسارت نیوز)نیوزی لینڈ نے پاکستانی فیلڈرز کے ڈراپ کیچز کے ساتھ ساتھ کپتان کین ولیمسن اور ہنری نکولس کی عمدہ شراکت کی بدولت پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی اور نیوزی لینڈ نے 3وکٹوں کے نقصان پر 286رنز بنالئے۔ہنری نکولس 88اور کپتان ولیمسن 112 رنز پر ناقابل شکست ہیں ۔نیوزی لینڈ کو پاکستان کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کیلئے مزید 11رنز درکار ہیں اور اس کی 7وکٹیں باقی ہیں۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی،محمد عباس اور فہیم اشرف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔پیر کوکرائسٹ چرچ میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستانی بولرز نے بہترین لائن اور لینتھ کے ساتھ بولنگ کرتے ہوئے کین ولیمسن اور روز ٹیلر پر مشتمل نیوزی لینڈ کی سب سے تجربہ کار جوڑی کو پریشان کرنے کا سلسلہ جاری رکھا اور کھانے کے وقفے کے بعد محمد عباس نے ٹیلر کو پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔2اوورز بعد ہی محمد رضوان کے عمدہ کیچ کی بدولت پاکستان نے ہنری نکولس کی قیمتی وکٹ بھی حاصل کر لی لیکن اس موقع پر شاہین شاہ آفریدی نوبال کر گئے اور پاکستان ایک یقینی وکٹ سے محروم ہو گیا جس کا بعد میں بھاری خمیازہ بھی بھگتنا پڑا۔ایک نئی زندگی ملنے کے بعد نکولس نے سنبھل کر کھیلنا شروع کیا اور کپتان کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا اور چائے کے وقفے تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔دونوں کھلاڑیوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کرنے کے بعد جارحانہ انداز اختیار کیا اور تیزی سے اسکور کرنا شروع کیا۔ پاکستان کو 70 ویں اوور میں 82رنزپر بیٹنگ کرنے والے ولیمسن کی اہم وکٹ لینے کا موقع ملا لیکن سلپ میں موجود شان مسعود اور حارث سہیل کیچ لینے میں ناکام رہے۔نیوزی لینڈ کے کپتان نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 24ویں سنچری اسکور کر لی۔ولیمسن 107کے اسکور پر پہنچے تو پاکستان کو وکٹ لینے کا ایک اور موقع دیا لیکن اس مرتبہ فہیم اشرف کی گیند پر گلی میں موجود شان مسعود کیچ لینے میں پھر ناکام رہے۔پاکستان نے نئی گیند لی تو شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر پاکستان نے وکٹ لینے کا موقع گنوایا اور ایک مرتبہ پھر خوش قسمت بلے باز ہنری نکولس ہی تھے جن کی گیند پر کپتان محمد رضوان کیچ نہ لے سکے۔ جب میچ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو نیوزی لینڈ نے 3وکٹوں کے نقصان پر 286رنز بنائے تھے۔ہنری نکولس 88اور کپتان ولیمسن 112رنز پر بیٹنگ کررہے ہیں اور دونوں کھلاڑی اب تک دوسری وکٹ کے لیے 215رنز جوڑ چکے ہیں۔نیوزی لینڈ کو پاکستان کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 11رنز درکار ہیں اور اس کی 7وکٹیں باقی ہیں۔