استعفوں کاآپشن ختم نہیں ہوا‘وقت پر استعمال کریں گے‘ ن لیگ

83

اسلام آباد/فیصل آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ (ن)پنجاب کے صدرراناثنااللہ نے کہاہے کہ استعفوں کا آپشن ختم نہیں ہوا وقت پر استعمال کرینگے ،مڈٹرم الیکشن قانون کے مطابق ہوسکتے ہیں اس لیے بہترہے عمران خان استعفادیں۔ ’’صباح نیوز‘‘ سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان کوپی ڈی ایم کی جاری تحریک میں اپنی حکومت کی فکرہے22کروڑعوام کی نہیں۔ایک فارن فنڈنگ کیس اوپن کیا جائے توصرف حکومت ہی ختم نہیں بلکہ پی ٹی آئی بھی کالعدم ہوسکتی ہے،19 جنوری کوالیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج اُسے یہ کیس یادکراناہے۔ محمدعلی د رانی کی آنیاں جانیاں بھی ایک سوالیہ نشان ہے،پی ڈی ایم کے کارڈ ناکام نہیں ہوں گے وقت کے ساتھ استعمال کریں گے۔ پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں کے مقاصدایک ہیں جس کے مقاصداورہوں گے اُسے حکومت کاسہولت کارسمجھاجائے گا اور اسے عوام سے رسوائی ملے گی۔حکومت کے خلاف سیاسی جنگ ہے اللہ کی مہربانی سے حکومت کوشکست اوراپوزیشن کوعوامی طاقت سے کامیابی ملے گی، حکومت اپوزیشن کے ساتھ ٹکرانے کے علاوہ ملک اورقوم کی بہتری کے لیے کچھ نہیں کرسکتی ایسی حکومت سے نجات وقت کی ضرورت ہے۔دوسری جانب سابق وزیر دفاع خرم دستگیر نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی غیرقانونی طریقے سے حکومت ختم نہیں کرنا چاہتے،یہ موجودہ حکومت کی عجیب ہی فسطائی سوچ ہے کہ ہم میاں محمد نواز شریف کے پاسپورٹ میں توسیع نہیں کریں گے،نیاپاسپورٹ جاری نہ کرنے سے تو معاملات مزید تاخیر کاشکار ہوں گے اور ان میں عجلت نہیں آئے گی، پاسپورٹ کوئی رکاوٹ نہیں، پاکستان کے شہریوں کو اپنی مٹی پر آنے سے روکا نہیں جاسکتا۔ نواز شریف کے دل کی شریانوں کی سرجری ہونی ہے اوریہ سرجری برطانیہ میں کوروناوائرس کی وجہ سے ملتوی ہو چکی ہے جو ہماری نواز شریف سے گفتگو ہوئی ہے جیسے ہی ان کی صحت ٹھیک ہو گی وہ پاکستان واپس آنا چاہتے ہیں ، کوروناوائرس کی دوسری اور اب تیسری لہر بھی آگئی جیسے ہی ختم ہو گی اور سرجری ہو جائے گی تو نواز شریف پاکستان واپس آجائیں گے اور اپنی پارٹی کی قیادت کریں گے۔