فضل الرحمن کا مقصد ملکی بہتری نہیں، اقتدار کی ہوس ہے، شہباز گل

256

اسلام آباد (آن لائن) وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کا مقصد ملکی بہتری نہیں بلکہ اقتدار کی ہوس ہے، وہ اسلام کا نام استعمال کر کے اسلام آباد کے خواب دیکھ رہے ہیں۔سربراہ پی ڈی ایم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شہباز گل کا کہنا تھا کہ اقتدار کی لالچ میں مولانا در در کی خاک چھان رہے ہیں، فضل الرحمن اپنی اور اپنے حواریوں کی کرپشن بچانے کے لیے اداروں کے خلاف بات کرتے ہیں۔ ان کی کسی بات میں بھی غریب کا ایجنڈا شامل نہیں ہوتا، پی ڈی ایم اپنی ذاتی جبکہ وزیراعظم ملکی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔علاوہ ازیں ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شہباز گل کا کہناتھا کہ شہباز شریف منی لانڈرنگ ، کک بیکس اور دیگر کرپشن کے کیسز میں اندر ہیں، شہباز شریف اور انکے خاندان نے 26 ملین ڈالرز کی منی لانڈرنگ کی ،10 سال میں ذاتی اثاثے 85 فیصد بڑھانے والے قومی مجرم ہیں، یہ وہ ڈھیٹ غلام ہیں جو جیل سے نکلنے پر کرپشن کے سورماؤں کو کندھوں پر اٹھا لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خادم اعلیٰ کا لبادہ اوڑھ کر کرپٹ اعلیٰ بننے والے کے حساب دینے کا وقت ہے۔