مریم کس منہ سے جنوبی پنجاب کا رونا روتی ہیں؟ شبلی فراز

146

اسلا م آباد (آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ جاتی عمرہ کے روڈ کی بار بار کارپیٹنگ ہوتی رہی اور جنوبی پنجاب کی سڑکیں موہنجو دڑو کا نقشہ پیش کرتی ہیں، آج مریم کس منہ سے جنوبی پنجاب کا رونا روتی ہیں، مریم یہ بھول گئیں کہ اس شاہی خاندان نے لاہور کو بنانے سنوارنے کے نام پر جنوبی پنجاب کے عوام کے فنڈز پر ڈاکا ڈالا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے مریم نواز کے بہاولپور میں پی ڈی ایم جلسے سے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت جنوبی پنجاب کے عوام سے اپنا وعدہ نبھا رہی ہے اور جنوبی پنجاب میں یکساں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں اور عوام مطمئن ہیں اور یہی خوف اقتدار سے نکالے گئے کرپٹ خاندان کی نیندیں اڑا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام تعلیم صحت اور روشنی کو ترستے رہے جبکہ ان کے سارے وسائل لاہور پر خرچ کردیے گئے۔ جنوبی پنجاب کے کاشتکار اس شاہی ٹولے سے نفرت کرتے ہیں، مسلم لیگ نے اپنے دور حکومت میں انہیں بھوکا مرنے پر مجبور کیا، سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ گنے کے کاشتکار اپنی فصلیں ٹرالیوں پہ لیے حکومتی پالیسیوں کو کوستے، مسلم لیگ نے جنوبی پنجاب کی نفرت میں کپاس کے کاشتکاروں کی زندگیاں تباہ کیں، فصل کے بیجوں سے لے کر پیسٹیسائیڈ کی فراہمی روک کر اس شاہی ٹولے نے کسانوں کو بھوکے مرنے پہ مجبور کیا۔