پاکستان کا اقوام متحدہ سے آسیہ اندرابی کو رہائی دلانے کا مطالبہ

113

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان نے بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں قید ممتاز کشمیری سیاسی رہنما اور انسانی حقوق کی علمبردار آسیہ اندرابی کی رہائی کے لیے نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور جینوامیں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق سے رابطہ کیا ہے۔ آسیہ اندرابی کی جان خطرے میں ہے جنہیں 18 جنوری 2020ء کو ایک جعلی عدالت نے ا ن کی حق گوئی سے خاموش کرانے کے لیے ناحق سزا سنائی تھی۔انسانی حقوق کی توانا آواز اور خواتین کو بااختیار بنانے کی مبلغ کے طورپر آسیہ اندرابی نے غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں عوام کی بنیادی آزادیوں کے حصول اور سماجی اصلاحات کے لیے 4 دہائیوں سے انتھک کام کیا ہے۔ انہوں نے دختران ملت کے نام سے تنظیم قائم کی جو غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں خواتین کے حقوق کی سب سے بڑی جماعت ہے۔ بھارتی حکومت آسیہ اندرابی پر جھوٹے اور بے بنیادی الزامات کے تحت مقدمے کی کارروائی چلارہی ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتا ہے کہ بھارت پر زور دے کہ آسیہ اندرابی، ان کے شوہر اور ان کے ساتھیوں کے خلاف قائم کئے گئے جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات فوری ختم کرے اور انہیں مکمل قانونی تحفظ فراہم کیاجائے جس میں غیرجانبدارانہ عدالتی عمل کی فراہمی کا حق شامل ہے۔