بینیظیر کی برسی پر لاڑکانہ میں جلسہ ،پی ڈی ایم نے دوبارہ انتخابات کا مطالبہ کردیا

609
لاڑکانہ: بلاول زرداری اور مریم نواز گڑھی خدا بخش میں بینظیرکی برسی پر جلسے کے دوران کارکنوںکے نعروںکا جواب دے رہے ہیں

لاڑکانہ ( خبرایجنسیاں +مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی برس پر پی ڈی ایم نے گڑھی خدابخش میں جلسہ منعقد کیا۔ا س موقع پر وزیراعظم سے مستعفی ہونے اور دوبارہ عام انتخابات کا مطالبہ کیا گیا۔ سابق صدر مملکت آصف علی زرداری بذریعہ وڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو نکالنے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو اپنی سوچ کو بدلنا ہوگا اور ہم ایک دوسرے کو نہ بتائیں کہ ہمیں کیاکرنا ہے،کچھ ہم سے سیکھ لو، کچھ ہم سے سمجھ لو، ہوسکتا ہے میں نے یہ کام پہلے بھی کیا ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ان سے پاکستان چل نہیں رہا اور میرا دعویٰ ہے کہ ان سے پاکستان چلے گابھی نہیں، یہ کرکٹ ٹیم والے ہیں، ملک چلانے کے لیے اور لوگ چاہییں، میں نے پہلے دن اسمبلی میں کہا ملک چلالو یا نیب چلا لو، نیب نے بلیک میلنگ شروع کردی ہے۔زرداری نے وزیراعظم عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ پاکستان پر رحم کرو، عوام پر رحم کرو، تم مانتے ہو ملک نہیں چل رہا تو چلے کیوں نہیں جاتے؟ الیکشن کراؤ، دیکھتے ہیں عوام کس کے ساتھ ہے۔سابق صدر نے یہ بھی کہا کہ میں نے مشرف کو دودھ میں سے مکھی کی طرح ایوان صدر سے نکالا، عمران خان کیا چیز ہے، عمران نیازی کو ہم نکال سکتے ہیں ،ہمیں جیلیں بھرنا ہوں گی اور ہم اس کے لیے تیار ہیں۔ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے جلسہ عام سے خطاب میں کہا کہ عمران خان نے این آر او مانگنے کے لیے اپنے میسنجر کو جیل میں شہباز شریف کے پاس بھیجا مگر اس ہارے ہوئے اور تنہا کھڑے ہوئے شخص کو کوئی این آراو نہیں دے گا۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں بلاول کے مہمان کے کمرے کا دروازہ توڑا گیا تو بلاول نے مجھے نوڈیروہاؤس اپنے گھر پررکھا تاکہ کوئی حملہ نہ کرسکے۔لیگی نائب صدر نے کہا کہ عمران خان چیخ چیخ کر کہہ رہا ہے مجھے کچھ نہیں آتا، اپنے منہ سے اعتراف کررہا ہے نااہل ہوں، نالائق ہوں، خود کہہ رہا ہے تیاری کے بغیر حکومت میں نہیں آناچاہیے لیکن تمہیں یہ کہنا چاہیے کہ تیاری کے بغیر حکومت میں نہیں لانا چاہیے، عمران خان نے ہی ایک پیج کی رٹ کی تکرار کرکے فوج کو بدنام کیا ہے، پہلے کہتا تھا این آر او نہیں دوں گا، اب کہتاہے کسی نے این آر او دیا تو ملک سے غداری کرے گا، کہتا وہ عوام کو ہے سناتا کسی اور کو ہے۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر 31 جنوری تک عمران خان نے استعفا نہ دیا تو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تاریکیاں چھٹنے والی ہیں، چوروں کے اس ٹولے کا وقت ختم ہوگیا، دمادم مست قلندر کا نعرہ لگا کراِس کٹھ پتلی کو بھگائیں گے۔بلاول نے کہا کہ ملک سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی کا بوجھ نہیں اٹھا سکتا،لانے والے اسے لائے تو ہیں لیکن عقل اور حوصلہ کیسے دیتے۔